جے یو آئی (ف) کا فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلیے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

غفور حیدری

کراچی: جے یو آئی (ف) نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے رہنما غفور حیدری کا کہنا ہے کہ فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل معصوم شہریوں کو طاقت کے بل بوتے پر شہید کررہا ہے، امریکا اور مغربی قوتوں نے تمام حدیں پار کردیں۔

غفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت ہمارے رہنماؤں پر حملے ہوئے، ہم دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، انتخابات چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے پرامن فضا بھی ہونی چاہیے۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ امیدواروں کو مہم کے لیے موقع نہیں ملے گا تو الیکشن کیسے ہوں گے، انتخابات کے لیے تیار ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

غفور حیدری نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہٰں کہ ہم اپنی مکمل سیکیورٹی کرسکیں، فضل الرحمان سمیت اہم شخصیات کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔