غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونیوالے 8 افغانی کراچی سے گرفتار

غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 8 افغان باشندوں کو کراچی سے گرفتار کر کے ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس نے لنک روڈ مچھر کالونی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ افغان باشندے ہیں جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کے مطابق گرفتار ملزمان کے نام سلیم، امان اللہ، جہانگیر، جمعہ دین، رفیق، نوید، سعید امان اور سہیل ہیں جن کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گشت پر مامور پولیس موبائل نے مشتبہ جان کر افغان باشندوں کو روکا تھا تاہم پوچھ گچھ کے دوران وہ اپنی رہائش کا پتہ نہ بتا سکے۔

چوہدری سہیل فیض کے مطابق ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ افغان بارڈر کراس کرکے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔