وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آگئیں

وادی تیراہ

راولپنڈی: وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں کی ویڈیو اور تصاویر منظرعام پر آگئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ میں درجنوں خوارج کو کس طرح چُن چُن کر ہلاک کیا اس کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آگئی ہیں، خوف و ہراس میں مبتلا خوارج لاشیں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے بیس اگست کو وادی تیراہ میں پچیس خوارج کوانجام تک پہنچایا۔

 ویڈیو میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے خوارج کو ہلاک ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ہلاک دہشت گردوں میں خارجی سرغنہ ابوذرعرف صدام بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ 27 اگست کو سیکیورٹی فورسز کے وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے خارجی سرغنہ ابوذرعرف صدام سمیت 25 خوارج مارے گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز خیبر کے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز سے ان تنظیموں سے وابستہ افراد کو بڑے دھچکے لگے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ 20 اگست سے کئے جانے والے ان جرات مندانہ اور انتہائی کامیاب آپریشنز کے دوران چار بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا۔