880 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا

مردہ مرغیوں

پنجاب میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 22 من (880 کلو گرام) مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑ کر تلف کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے علاقے نور پور تھل میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کا 22 من گوشت پکڑ کر تلف کر دیا اور چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مردہ مرغیوں کا گوشت لاہور لے جایا جا رہا تھا جہاں سے یہ ہوٹلوں، کیٹررز اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو فراہم کیا جانا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس نے مردہ گائے اور مرغیوں کے گوشت کی سپلائی کو ناممکن بناتے ہوئے ہزاروں کلو گوشت ضبط کیا تھا جب کہ اس سلسلے میں کئی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی تھیں۔