لاہور : 9 مئی کے واقعات سے متعلق 2 اہم مقدمات کا فیصلہ آئندہ 2 روز میں سنائے جانے کا امکان

لاہور : 9 مئی کے واقعات سے متعلق 2 اہم مقدمات کا فیصلہ آئندہ 2 روز میں سنائے جانے کا امکان

لاہور : 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق لاہور میں درج دو اہم مقدمات کا فیصلہ آئندہ دو روز میں سنائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق لاہور میں درج دو اہم مقدمات کا ٹرائل مکمل ہو گیا ہے، جن میں فیصلہ آئندہ دو روز میں سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمات کی سماعت کی۔

عدالت نے دونوں مقدمات پر مزید کارروائی کل تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ ملزمان کے بیانِ صفائی دفعہ 342 کے تحت کل قلمبند کیے جائیں گے۔

پہلا مقدمہ جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے سے متعلق ہے، جس میں ملزمان کے وکلاء نے 45 سرکاری گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی ہے۔

مزید پڑھیں : تحریک انصاف کا 9 مئی کیس میں سزاؤں کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

دوسرا مقدمہ تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس سے متعلق ہے، جس میں مجموعی طور پر 24 ملزمان کے خلاف 45 گواہان کی شہادت ریکارڈ کی گئی۔ کیس میں آخری گواہ، یعنی تفتیشی افسر پر جزوی جرح باقی ہے، جو کل مکمل ہونے کا امکان ہے۔

ان مقدمات میں شامل اہم شخصیات میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹرائل کی تکمیل کے بعد یہ دونوں مقدمات 9 مئی کے واقعات سے جڑے اہم قانونی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور فیصلے کے لیے عدالت کی کارروائی حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔