پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں شاہ محمود، یاسمین راشد و دیگر پر فرد جرم عائد

پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں شاہ محمود، یاسمین راشد و دیگر پر فرد جرم عائد

لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ و دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔

تھانہ شادمان اور پولیس گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات کا جیل ٹرائل ہوا۔ ملزمان پر جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی۔

تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جبکہ عدالت نے مزید سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔

اے ٹی سی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی جائے گی، 9 مئی ایک واقعہ ہے اس پر درجنوں ایف آئی آرز کیسے درج ہو سکتی ہیں؟

انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظرعلی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔ عالیہ حمزہ، خدیجہ شاہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جبکہ روبینہ جمیل اور صنم جاوید عدالت میں پیش ہوئیں۔

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید جیل میں ہیں۔