9 مئی، توشہ خانہ اور 26 نومبر کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے تیاریاں مکمل

9 مئی، توشہ خانہ اور 26 نومبر کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے تیاریاں مکمل

اسلام آباد : نو مئی، توشہ خانہ کیس اور 26 نومبر کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں گئیں اور کیسز اڈیالہ جیل میں سماعت کے لیے مقرر کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق نو مئی، توشہ خانہ کیس اور 26 نومبر کے مقدمات سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جلد نمٹانے کیلئے قانونی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

پراسیکیوٹرز اور ملزمان کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا اور جی ایچ کیو حملہ سمیت نو مئی کے مقدمات ، توشہ خانہ ٹو کیس اڈیالہ جیل میں سماعت کے لیے مقرر کردیئے گئے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت 18 جولائی کو جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت نو مئی کے 12 مقدمات کی جیل میں سماعت کرے گی۔

نو مئی کے 12 مقدمات کے چالان کی نقول جیل ٹرائل کے دوران بانی پی ٹی ائی میں تقسیم کی جائے گی، مقدمات میں ملوث ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کے عدالتی احکامات جاری ہوگئے۔

سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل میں 18 جولائی کو کریں گے۔

مزید پڑھیں : سپریم کورٹ کا 9 مئی سے متعلق کیسز کے حوالے سے اہم حکم جاری

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت پانچ جون کو اخری بار اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی، کیس میں اب تک استغاثہ کے 31 اہم گواہان کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 4 ماہ میں 9 مئی سے متعلق کیسز کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکم نامے میں کہا گہا تھا انسداد دہشتگردی عدالتیں ہر پندرہ دن کی پراگرس رپورٹ متعلقہ چیف جسٹس کو پیش کریں گی، ٹرائل کورٹ میں ملزمان کے دیگر درج مقدمات کی وجہ سے حقوق متاثر نہ ہوں۔