92 برس کی عمر میں پانچویں بار عنقریب دولہا بننے والا کون ہے؟

 92 برس کی عمر کے ایک امریکی میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے پانچویں بار دولہا بننے کی ٹھانی ہے اور جلد وہ نئی زندگی کا آغاز کرنے والے ہیں۔

دنیا میں عموماً 92 برس کی عمر سن رسیدگی مانی جاتی ہے اور اس عمر تک پہنچنے والوں کی اکثریت اپنے پوتے پوتیوں، نواسے، نواسیوں اور بعض تو ان کی بھی اولادوں کے ساتھ ہنستے کھیلتے زندگی گزارتے ہیں لیکن کہتے ہیں نا کہ ’’دل تو بچہ ہے جی‘‘ تو اس کے مطابق تو پیار اور شادی کی کی کوئی عمر مخصوص نہیں ہوتی جس کو ثابت کر رہے ہیں ایک امریکی میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک۔

روپرٹ مرڈوک ایک امریکی میڈیا ٹائیکون ہیں جو زندگی کی 92 بہاریں دیکھ چکے ہیں اور زندگی کے اتنے برس وہ اپنے چار مختلف جیون ساتھی کے ساتھ گزار چکے ہیں تاہم اب وہ پانچویں شادی کے لیے تیار ہیں اور جلد ہی ایک بار پھر نئی زندگی کی شروعات کرنے جا رہے ہیں۔

میڈیا ٹائیکون نے اپنا پانچواں جیون ساتھی بھی میڈیا انڈسٹری سے چُنا ہے اور وہ این لیسلی اسمتھ سے جلد منگنی کر رہے ہیں۔

میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک امریکی نیوز کمپنی فاکس نیوز، نیویارک پوسٹ اور وال اسٹریٹ جرنل سمیت برطانوی دی سن اور دی ٹائمز کے مالک ہیں اور اس سے قبل ان کی شادی سابق فلائٹ اٹینڈنٹ پیٹریشیا بوکر، صحافی اینا مرڈوک اور کاروباری شخصیت وینڈی ڈینگ سے ہوئی تھی جن سے ان کے 6 بچے ہیں، مرڈوک کی چوتھی شادی سابق ماڈل جیری ہال سے ہوئی اور دونوں میں گزشتہ سال علیحدگی ہوگئی تھی۔

مرڈوک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں اس سے قبل محبت میں پڑنے سے ڈرتا تھا لیکن گزشتہ سال ستمبر میں جب این لیسلی سے ملاقات ہوئی تو لگا کہ وہ میرے لیے پرفیکٹ ہے۔ یہ میرا آخری رشتہ ہوگا اور میں اس سے خوش ہوں۔ رواں سال موسم گرما کے اختتام پر شادی کرلوں گا۔