پسنی: بلوچستان کے علاقے پسنی میں ایف سی کے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان ایف سی کے مطابق بلوچستان کے علاقے پسنی میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کی گی آپریشن کے دوران تین دہشتگرد گرفتار کر لئے ہیں، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، گرفتار دہشت گرد پسنی ریڈار حملے میں ملوث تھے، گرفتاری کے بعد ملزمان کو خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہو ئے کالعدم تنظم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سمیت چار مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاع ملنے پر شہر کے نواحی علاقے سریاب روڈ گاٹی خان چوک کے قریب ایک مکان پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار افراد سے تحقیقات میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔