سند باد کا پلے لینڈ عوام کی تفریح کے لیے کھول دیا گیا

کراچی : کے ڈی اے نے عید سے ایک روز قبل ہی کراچی کے بڑے تفریحی پلے لینڈ سند باد کی سیل توڑ کر پلے لینڈ عوام کی تفریح کے لیے دوبارہ کھول دیا‌۔

سند باد کو کچھ عرصہ قبل قانون کی خلاف ورزی کرنے ، واجبات کی عدم ادائیگی اور انیس سو ستانوے میں کیے جانے والے معاہدے کے اختتام پر سیل کیا گیا تھا، تاہم آج رات اچانک سند باد کی سیل کو دوبارہ کھول دیا گیا ۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سند باد انتظامیہ نے واجبات کی مد میں ایک کڑور سینتالیس لاکھ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ اب سند باد انتظامیہ بلدیہ عظمی کراچی کو نئے معاہدے کے تحت کرائے کی مد میں ماہانہ پانچ لاکھ ادا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق معاملات کو طے کرانے میں سندھ کی اہم سیاسی شخصیت اور وزیر نے خاص کردار ادا کیا ہے ۔