انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ ہفتے بنگلہ دیش میں آفیلشز سے ملاقات کرے گا، بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی اور حکومت مخالف مظاہروں کے سبب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد خطرے سے دوچار ہے۔
پاکستان سمیت دیگر ممالک نے بنگلہ دیش میں سیکورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منیجر سین مورس کی سربراہی میں آئی سی سی کا سیکورٹی وفد بیس جنوری کو بنگلہ دیشی حکام سے ملاقات کرے گا۔
ایونٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے سیکورٹی کنسلٹنٹ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیف ایگز یکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ سیکورٹی پلان شریک ممالک کو بھجوادیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی کا وفد ہماری تیاریوں سے مطمئن ہوگا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد سولہ مارچ سے بنگلہ دیش میں ہونا ہے۔ سری لنکا نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کی پیشکش کررکھی ہے۔