سفارت کاروں اور قونصلیٹ کو سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سفارت کاروں اور قونصلیٹ کو اپنی سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے چاروں صوبوں کی وزارت داخلہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام قونصل خانوں کے عملے اور سفارت کاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیاں محدود کردیں۔

خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سفارت کار اور قونصلیٹ ملک میں کہیں بھی جانے سے قبل پیشگی اجازت لیں۔

ممنوعہ علاقے میں جانے کے لیے بیس روز قبل اورغیر ممنوعہ علاقے میں جانے سے سات روز پہلے اجازت لی جائے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبائی حکومتیں احکامات پر فوری عمل درآمد کروائیں۔ تاہم اس حوالے سے ان احکامات کی کوئی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی۔