خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے، شرجیل میمن

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر صفائی کے کام کو مکمل کروائیں۔ عوام کے جائز کاموں میں کسی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شہر میں خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنرز کے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی مہم کے حوالے سے 72 گھنٹے جو الٹی میٹم دیا تھا اب اس کی معیاد پوری ہوچکی ہے اور اب وہ کسی بھی وقت کسی بھی ڈسٹرکٹ میں سرپرائز وزٹ کریں گے اور اگر کسی بھی علاقے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس علاقے کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں جو کیمرے خراب ہیں یا کام نہیں کررہے ہیں ان کی فوری درستگی کی جائے اور اہم شاہراہوں اور گلیوں میں خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور جرائم پر قابو پایا جاسکے۔