خیرپور: کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خیرپور کے کوڑو گوٹھ میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت قائم کیے جانے والے اسکول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر یو ایس ایڈ کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر رینڈی ہاٹ فیلڈ، وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو، سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو، طلبا، اساتذہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ یہ اسکول امریکی اور سندھ حکومت کے درمیان جاری اشتراک کے تحت قائم ہونے والے 100 اسکولوں میں سے ایک ہے۔امریکی حکومت پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلیے کوشاں ہے اور مجھے خوشی ہے کہ اس طرح کے دیگر اسکولوں کے قیام کے ذریعے طلبا کو تعلیم کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔
یو ایس ایڈ کےمشن ڈائریکٹر جان گرورک کا کہنا تھا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں یو ایس ایڈ نے ایک ہزار سے زائد اسکولوں کی مرمت اور نئے سرے سے تعمیر کی ہے۔ ان میں سے بیشتر اسکولوں میں کتابیں، کمپیوٹرز اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت صوبہ سندھ کے سات اضلاع اور کراچی کے پانچ ٹاونز میں 16ارب روپے کی لاگت سے100 جدید اسکول تعمیر کیے جا رہے ہیں۔اس وقت 50اسکولوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ چار اسکول اس ماہ مکمل کر لیے جائیں گے۔