پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل کو سوچے سمجھے پلان کے ذریعے تباہ کیا جارہا ہے۔
پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے کی آئینی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے کے لیے گزشتہ سال سے گیس سپلائی بند کی ہوئی ہے۔ اب چین پاکستان معاشی راہداری منصوبہ پر بھی عمل درآمد شروع ہوچکا ہے جس کی بدولت اسٹیل کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔
درخواست کے مطابق پاکستان اسٹیل کی بندش کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی گیس منقطع کرنے کے لیے احکامات کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ ملازمین کو گذشتہ 5 ماہ کی تنخواہیں، گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ ادا کیا جائے۔