شاہد آفریدی نے پشاور زلمی چھوڑنے کا اشارہ دے دیا

لندن : پاکستان کے سابق آل راونڈر اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز پشاورزلمی کو خیرباد کہنے کا اشارہ دے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی مستقل ٹیم نہیں ہے کسی بھی فرنچائز نےآفر کی تو دستیاب ہوں گا، صرف پشاور زلمی کی طرف سے کھیلنے کیلئے محدود نہیں۔

بوم بوم آفریدی نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی کو گڈبائے کہنے کا عندیہ دےدیا۔ غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویودیتے ہوئے آفریدی نےکہا کہ پروفیشنل کرکٹرہوں، ایسا نہیں کہ صرف پشاورزلمی کی طرف سے کھیلتا رہوں، کسی بھی فرنچائز نےاچھی آفر کی تو ضرور سوچوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاورزلمی کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے اونرسے کچھ باتیں طے کرنا ہونگی۔ کچھ چیزیں ہیں جنہیں ٹھیک ہونے کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ گذشتہ دو سے تین سال بگ بیش لیگ کی پیشکش ٹھکرا رہا ہوں۔ اس سال آفر آئی تو قبول کرلوں گا۔ آفریدی نے کہا کہ ابھی میری کرکٹ ختم نہیں ہوئی۔ مختصر فارمیٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھرکی ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل سکتا ہوں۔

واضح رہے کہ زلمی کے اونر جاوید آفریدی اور شاہد آفریدی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔