اسلام آباد: تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نے ملک میں آبی مسائل اور حکومت کی غیر سنجیدگی پر ایک حقائق نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ملک میں پانی کی کمی بجلی کی کمی سے بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے حکومت کو فوری طور پر اس طرف توجہ دینا ہوگی۔
انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نے اس سلسلے میں سفارش کی ہے کہ حکومت فوری طور پر دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرے نیز اس ڈیم کی فوری تعمیر کے لیے حکومت چین کی معاونت حاصل کرے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015-16 میں زرعی پیدوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جن میں ایک بڑی وجہ پانی کی کمی بھی ہے، پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جن میں پانی کی شدید کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
ڈیمز کے اندر پانی کی کمی اور ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے پانی کی کمی بد ترین صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے، آئی پی آر کے مطابق بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے بیرونی معاونت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی بھی ضرورت ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اس سلسلے میں چین سے اعانت حاصل کرے۔