کراچی : پولیس نے لیاری کے علاقے بغدادی میں کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے لیے بھتہ طلب کرنے والی خاتون کو گرفتار کر کے بھتے کی رقم برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں کھارادر، زمان ٹاؤن، ناظم آباد کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک زخمی ملزم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔
دوسری جانب رینجرز نے ملیر کے علاقے رفاع عام سوسائٹی میں ٹارگٹڈ کاروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بغدادی سے گرفتار ہونے والے ملزمہ لیاری گینگ وار کے استاد تاجو گروپ کے لیے بھتے کی رقم جمع کررہی تھی اور اولڈ سٹی ایریا میں واقع تاجروں میں بھتے کی پرچیاں تقسیم کررہی تھی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے قبضے سے بھتے کی پرچیاں اور رقم برآمد بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب انچولی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کو نشانہ بنایا گیا، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتول شخص کی شناخت 45 سال کے محمود احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے واقعے کو ڈکیتی میں مزاحمت قرار دے دیا۔