لاہور: غیر قانونی طور پر پکڑے گئے نایاب نسل کے دو ہرن عدالت میں پیش کر دیے گئے عدالت نے ہرن سفاری پارک کے حوالے کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی کینٹ کچہری میں ہارون الرشید نامی ملزم کو پیش کیا گیا جس کی تحویل سے وائلڈ لائف نے نایاب نسل کےد و ہرن برآمد کیے تھے ، ملزم کے ساتھ دونوں معصوم ہرنوں کو بھی کچہری میں پیش ہونا پڑا ۔
وائلڈ لائف حکام نے موقف اختیار کیا کہ ہارون الرشید سے نایاب نسل کے دو ہرن تو برآمد ہوئے مگر ملزم کے پاس لائسنس اور دیگر دستاویزات موجود نہیں ۔
عدالت نے دونوں ہرن سفاری پارک کے حوالے کر دیے تاہم ملزم کوہدایت کی کہ وہ نایاب جانور رکھنے کے حوالے سے اپنے لائسنس اور دیگر دستاویزات پیش کرے جس کے بعد عدالت اس کے متعلق اپنا فیصلہ سنائے گی ۔
عدالت میں دو خوبصورت ہرنوں کو دیکھ کر سائلین اور وکلا حیران رہ گئے اور خوب محظوظ بھی ہوئے تاہم لوگوں کا رش بننے پر عدالت میں پیشی کے بعد ہرنوں کو واپس لکڑی کے پنجرے میں بند کر دیا گیا۔