ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ شیروانی پہنے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں ان کے ساتھ دپیکا پڈوکون بھی موجود ہیں۔
معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی مکھرجی نے بھی وہ تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے مطابق ون ڈیزل نے جو شیروانی زیب تن کی ہے وہ ان کی ڈیزائن کردہ ہے۔
یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ تصویر فلم کا کوئی منظر ہے یا یونہی کھینچی گئی ہے، لیکن اگر یہ تصویر ان دونوں کی آئندہ ہالی ووڈ فلم کا حصہ ہے تو تصویر سے یوں لگ رہا ہے جیسے فلم کے آخر میں دپیکا اور ون ڈیزل رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
دپیکا نے ون ڈیزل کو ہندی سکھائی *
یاد رہے فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں دپیکا نے ون ڈیزل اور فلم کے ڈائریکٹر ڈی جے کروزو کو بھارت کی مشہور شیروانیاں تحفتاً دی تھیں۔
دپیکا پڈوکون فلم ’دا ریٹرن آف زینڈر کیج‘ سے اپنے ہالی وڈ کیرئیر کی شروعات کرنے جارہی ہیں اور ان کے مدمقابل ون ڈیزل ہوں گے۔
فلم ’دا ریٹرن آف زینڈر کیج‘ 2002 میں آنے والی ’ٹرپل ایکس‘ اور 2005 میں آنے والی ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ کا سیکوئل ہے۔
دپیکا فلم میں سیرینا نامی ایک شکاری کا کردار ادا کریں گی۔ فلم میں روبی روز اور سیموئل جیکسن نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
دپیکا اور ون ڈیزل کی جانب سے وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں اداکاروں کے درمیان گہری دوستی ہوچکی ہے۔