اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے تحفظ خواتین بل کی طرح مردوں کے حقوق کا بل لانےکی درخواست پر غور کرنے کا فیصلہ کر لیا، مطالبے کو کونسل کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر رکھ کر رائے لی جائے گی۔
یہ پڑھیں: مرد بھی مظلوم ہیں، حقوق دیے جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل میں درخواست
تفصیلات کے مطابق مردوں کے حقوق کی درخواست کونسل کے ممبر زاہد محمود قاسمی نے دی ہے جسےچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا شیرانی نے منظور کرلیا ہے جو آئندہ اجلاس میں زیر بحث لائی جائے گی۔
کونسل کے ممبر مولانا زاہد محمود قاسمی نے درخواست میں موقف اختیارکیا کہ بعض خواتین مردوں پر تشدد کرکے گھر سے نکال دیتی ہیں جب کہ اسلام میں مَردوں کے بھی حقوق ہیں جسے معاشرے میں اہمیت نہیں دی جا رہی ہے۔
درخواست کی منظوری کے بعد اسے آئندہ ہونے والے تین روزہ اجلاس کے آٹھ نکاتی ایجنڈے میں رکھ دیا گیا ہے اس اجلاس کی سربراہی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا شیرانی کریں گے اور معزز علمائے کرام اور اراکین کونسل شریعت کی رو سے اپنی رائے پیش کریں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکنِاسلامی نظریاتی کونسل اور درخواست کے محرک زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ حقوق نسواں بل کے مخالف نہیں لیکن ملک کے بعض حصوں میں مردوں کےساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں جو ناقابل برداشت ہیں، اگر کونسل نے رائے تسلیم کی تو حقوق مرداں ڈرافٹ بھی تیار کریں گے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کےاجلاس میں شرکت کی دعوت کے لیے وزیر اعظم نواز شریف اور صدرِ مملکت ممنوں حسین کو خط ارسال کردیئے گئے ہیں۔