کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، پی آئی اے پر سی اے اے کے 32ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برینڈ کو خط تحریر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے نے وعدے کے مطابق واجبات ادا نہیں کیے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری ندیم شریف نے پی آئی اے چیف ایگیزیکٹو آفیسر کو تحریر کیے گئے خط میں کہا ہے کہ پی آئی اے نے واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے خود شیڈول طے کیا مگر انتظامیہ اس پر پورا نہیں اتری۔
خط میں مزید کہا گیاہے کہ پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سول ایوی ایشن کو مختلف ائیرپورٹس پر دی جانے والی سہولیات میں دشواری پیدا ہورہی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی ادائیگی فوری طور پر نہ کی گئی تو ادارہ کوئی بھی انتہائی قدم اٹھاسکتا ہے۔