پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی اجلاس کے دوران خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی پر نازیبا جملے کسنے والے صوبائی وزیر شاہ فرمان نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں تلخ کلامی کے بعد شاہ فرمان نے سخت لہجے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کو تیز آواز میں خاموش رہنے کا کہا اور غصہ کم نہ ہوا تو تضحیک آمیز لفظ کہہ دیا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران جیسے ہی فنڈ کی تقسیم پر بات شروع ہوئی تو نگہت اورکزئی نے صوبائی وزیر کی بات کے دوران کہا کہ ’’ترقیاتی فنڈ کا زیادہ حصہ نوشہرہ کو دیا جارہا ہے جو بالکل غلط ہے‘‘۔
خاتون رکن اسمبلی کی آواز بلند ہونے پر شاہ فرمان غصے میں آگئے اور انہوں نے چیخ کر خاموش رہنے کو کہا تاہم جب نگہت اورکزئی خاموش نہ رہ سکیں تو انہیں کالے منہ والی کہہ کر مخاطب کیا۔
When you need to train your lawmakers to behave in the House. #KP pic.twitter.com/pmf4oeAnOx
— Javed Aziz Khan (@JavedAzizKhan) May 2, 2017
اجلاس کے بعد صوبائی وزیرکو اپنے ادا کیے گئے الفاظ پر ندامت کا احساس ہوا تو انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے کہاکہ میرا مقصدکسی کی دل آزاری کرنانہیں تھا، خواتین کی دل سےعزت کرتاہوں، اگر خاتون کی دل آزاری ہوئی توالفاظ واپس لیتاہوں۔
تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تضحیک آمیز رویے پر بلاول بھٹو نے پوری جماعت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’اسمبلی فلور پر اس طرح کے الفاظ کی ادائیگی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے عمران خان سے اپیل کی کہ وہ اس رویے کا سختی سے نوٹس لیں۔
Unacceptable for legislator to insult any woman. Goes ag our religion & culture. Apology has come. If it happens again action will be taken
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 2, 2017
بعد ازاں عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ہی جماعت کے رکن اسمبلی کے رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا مذہب اور کلچر خواتین کے ساتھ اس طرح کے رویے کی کسی صورت اجازت نہیں دیتا، شاہ فرمان نے معافی مانگ لی تاہم آئندہ اس طرح کی بات ہوئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
خاتون رکن اسمبلی کے ساتھ تضحیک آمیز رویے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں نے صوبائی وزیر کے الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔