اسلام آباد : اب آپ کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشن تلاش کرنیکی زحمت نہیں ہوگی، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کیلئے گوگل میپ سے مدد لے لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ووٹرز کی سہولت کیلئے الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے سترہزار پولنگ اسٹیشنز کو گوگل میپ سے منسلک کردیا، شہری جی آئی ایس کے ذریعے گھر بیٹھے پولنگ اسٹیشنز کا محل وقوع معلوم کرسکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران نے بھی شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کے عملے نے ملک بھر کے چاروں صوبوں اور فاٹا میں مجوزہ ستر ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کا سروے کیا۔
مزید پڑھیں : انتخابات2018 کی تیاری، الیکشن کمیشن کے افسران کی تربیت کا آغاز
ملک گیرسروے کے دوران پنجاب میں سات سو اٹھاون اور سندھ میں سات سو ایسے اسکولز سامنے آئے، جن میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے، پولنگ اسٹیشنز کیلئے اسکولوں میں بنیادی ضروریات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جن اسکولوں میں بنیادی سہولیات موجود نہیں، انہیں عام انتخابات سے پہلے درست کرایا جائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں بھی یہ معلومات جلد ہی حاصل کرلی جائینگی۔