ٹورنٹو : پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ٹورنٹوکے مئیر سے ملاقات کی، جس میں کرکٹ کے امور اور اسپتال کی فنڈ ریز نگ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔
اسانی خدمت کا جذبہ لیے بوم بوم آفریدی کینیڈا میں فنڈریزنگ مہم میں مصروف ہیں، شاہد آفریدی نے ٹورنٹو کے مئیر جان ٹوری سے ملاقات کی اور کرکٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور ملاقات میں آفریدی نے کہا کہ یہ ان کیلئے ایک اعزاز ہے کہ انہیں سٹی ہال میں مدعو کیا گیا، یہ میرا ٹورنٹو کا چوتھا ٹرپ ہے یہ ایک بہت خوبصورت ملک اور بہترین شہر ہے۔
شاہد آفریدی کی کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون کی مکمل یقین دہانی
شاہد آفریدی نے کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کینیڈا میں ضرورت مندوں کی مدد جیسے عظیم مقصد کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ٹورنٹو کے میئر نے کہا کہ وہ شاہد آفریدی کی نوجوانوں کی کرکٹ میں مدد کی آفر قبول کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ آل راؤنڈر ان نوجوانوں پر مثبت اثرات مرتب کریں گے ۔
جان ٹوری نے آفریدی کو کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے جوانوں کی مدد سے اس فیلڈ میں کام کریں اس کام کے لیے ہم نے آپ کا انتخاب اس لئے کیا ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ایک آپ ہی ہیں جو کہ جوانوں کو اس کام کی طرف نہ صرف متوجہ کر سکتے ہیں بلکہ ان میں وہ جذبہ بھی جگا سکتے ہیں جو اس کھیل کا خاصہ ہے۔
ٹورنٹو میں فنڈ ریزنگ مہم کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فلاحی کاموں میں عوام ان کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیں۔
شاہد آفریدی اونٹاریو کی پریمیئر کیتھلین وائن سے ملاقات کرینگے اور کینیڈا کی پہلی نائٹ لائٹ کرکٹ کا افتتاح بھی کریں گے، بوم بوم آفریدی نے کینیڈا کے مختلف شہروں مارکھم، ووگھن، اوک ویلے ،ایڈمنٹن اورکالگیری میں بھی فنڈ ریزنگ کی تقریبات میں شرکت کی۔