ممبئی: بالی ووڈ اداکارعرفان خان پاکستانی سوشل میڈیا پر شہرت پانے والی ’بک گئی ہے یہ گورمنٹ‘ والی آنٹی کے مداح نکلے، ویڈیو بنا کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ میں اپنی منفرد اداکاری سے مشہور اداکارعرفان خان نے پاکستان میں ’بک گئی ہے یہ گورمنٹ‘ والی آنٹی کے نام سے وائرل ہونے والی ویڈیو کی میم بنا کر سب کو حیران کردیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عرفان خان پاکستانی خاتون کی طرح دوپٹہ اوڑھ کر بالی وڈ سنیما کو بُرا بھلا کہتے دکھائی دے رہے ہیں، اور فلم کی پروموشن کے طریقہ کار پربھی تنقید کررہے ہیں۔
Aunty Gormint in India pic.twitter.com/QzUCsTqwzm
— Hammad (@LazyHammad) May 17, 2017
یہی نہیں اداکار نے مشہور بالی وڈ اداکار امریش پوری کی فلم کے ڈائیلاگ ’ آؤ کبھی حویلی پہ، پر بھی کامیڈی کی اس کے علاوہ ہالی وڈ اداکار کی فلموں پر بھی کامیڈی کی اور مشہور ناول نگار شیکسپیئر کی نقل اتار کر بھی دکھائی۔
واضح رہے کہ عرفان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، اور یہ ویڈیو بھی اسی تشہیری مہم کا حصہ قرار دی جارہی ہے۔
ہندی میڈیم میں عرفان خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے فلم کے گانے پہلے ہی ہٹ ہوچکے ہیں۔ مذکورہ فلم کا ایک گانا ’تینوں سوٹ سوٹ کردا‘ مداحوں میں کافی پذیرائی حاصل کررہا ہے۔
عرفان اور صبا قمر کی فلم ہندی میڈیم کی ہدایت کاری کے فرائض سکیت چوہدری نے انجام دئیے ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں دیپک دوبریال، ترن بجاج، جسپال شرما، سواتی داس ودیگر نمایاں ہیں۔
عرفان اور صبا قمر کی فلم باکس آفس پرکامیابی سمیٹے یا نہیں لیکن ان کی یہ تکنیک ضرور کارگر ثابت ہوئی ہے اورسوشل میڈیا پر ہر طرف عرفان خان کے ہی چرچے ہورہے ہیں۔