لاہور: چھانگا مانگا کے علاقے میں کیمیکل سے بنا دودھ برف کے کارخانے میں جما کر فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا، جس کے بعد فیکٹری سیل کرکے ریکارڈ قبضے میں لے لیا جبکہ فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی دودھ کی فیکڑی پر چھاپہ مارا، جہاں گندے اور غلیظ دودھ کو دیکھ کر افسران کے ہوش اُڑ گئے، فوڈ اتھارٹی حکام نے گیارہ ہزار لیٹر مضر صحت دودھ قبضے میں لے کر تلف کردیا اور فیکٹری سیل کرکے ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔
اے ڈی جی آپریشنز کے مطابق واں کھارا، چھانگا مانگا کے علاقے میں آئس فیکٹری میں کام جاری تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ریکی کے بعد فیکٹری پر چھاپہ مارا اور 11 ہزار لیٹر موقع پر تیار دودھ پکڑا گیا۔
مزید پڑھیں : پنجاب فوڈ اتھارٹی کاایکشن، کیمیکل ملا غیر معیاری دودھ نہروں میں بہا دیا
حکام کےمطابق یہ گروہ کیمیکل اورکھوئے سے جعلی دودھ بناکر دکانوں پرفروخت کرتا تھا تا کہ پکڑا نہ جائے۔
اے ڈی جی آپریشنز کے مطابق فریز کرنے والے آلات بھی انتہائی گندے اور زنگ آلود پائے گئے، فیکٹری سیل کر دی گئی اور تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔