لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ باقر نجفی کی کمیشن رپورٹ نے شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار ٹھہرایا، نااہل نوازشریف کی جانب سے شہبازشریف کو وزیراعظم نامزد کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
مسلم لیگ کی جانب سے عبوری اور مستقل وزیراعظم کا نام سامنے آنے کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’شبہاز شریف 14 شہریوں کے قتل میں نامزد ملزم ہیں اور انہیں باقی نجفی کی کمیشن رپورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار بھی قرار دیا‘‘۔
پڑھیں: شہباز شریف مستقل اور شاہد خاقان عبوری وزیراعظم ہوں گے، نوازشریف
انہوں نے کہا کہ نااہل نوازشریف کی جانب سے شہباز شریف کو اگلا وزیراعظم منتخب کرنا قانون اور قوم کے ساتھ مذاق ہے، شہباز شریف جیسے نامزد ملزمان وزیراعظم بن کر ملک کے لیے مزید نقصان کا باعث بنیں گے۔
ڈاکٹرعلامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاناما کے مجرم اب اقامہ کی وضاحتیں دیتے پھر رہے ہیں، نوازشریف کی وضاحتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں، اشرافیہ کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے ایسے تمام لوگوں کو پوری سزا ملنی چاہیے۔