کراچی: معروف نمبر ون کالج گورنمنٹ دہلی کالج کے پرنسپل کی جانب سے غیر حاضر ٹیچر کیخلاف کاروائی کرنے پر کالج پرنسپل کا ہی تبادلہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کالج سے بغیر بتائے غیر حاضر پروفیسر اسماء نور سے وجہ معلوم کرنا کالج پرنسپل کیلئے مہنگا پڑ گیا اور پرنسپل پروفیسر زاہد کا اچانک تبادلہ کردیا گیا۔
کالج پرنسپل پروفیسر زاہد کو ہٹا کر جونیئر خاتون پروفیسر اسما نور کو ہی پرنسپل تعینات کردیا گیا ہے۔
تعلیمی ریکارڈ کے مطابق اسما ء نور ماہ فروری میں اٹھائیس میں سے اٹھارہ دن بغیر بتائے غیر حاضر رہی تھیں تاہم کالج پرنسپل پروفیسر زاہد نے سرزنش کی تو موصوفہ کو برا لگ گیا۔
کالج پرنسپل کے مطابق غیر حاضر رہنے والی کالج ٹیچرنے میری چیف سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم سے شکایت کردی ۔
واضح رہے کہ سینارٹی میں اسما ء نور محمد زاہد سے دوماہ جوئنر ہیں تاہم اس کے باوجود سرکاری احکامات غیر حاضر ٹیچر کے حق میں جاری کردیئے گئے۔
سندھ پروفیسر لیکچرار ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی کے کالجوں میں اساتذہ کی غیر حاضری معمول بن گیا ہے، کسی کالج کا سربراہ غیر حاضر اساتذہ کو تنبیہ کرے تو ان کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔