ممبئی: بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی کی نئی آنے والی فلم ’ہچکی‘ مداحوں کو پسند آگئی، کم بجٹ کی فلم نے تین دن میں 15 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا۔
فلم ’ہچکی‘ 23 مارچ کو بڑے پردے کی زینت بنی تھی، فلم میں اداکارہ رانی مکھرجی ایک ایسی استانی کا کردار ادا کیا جو بولنے میں ہکلاتی ہیں، اور اس بیماری کو ان کے طلباء کی جانب سے ہچکی کا نام دیا گیا ہے۔
فلم میں ایک ہائی اسٹینڈرڈ کا اسکول دکھایا گیا ہے جہاں حکومت کی پالیسی اور قوانین کے تحت ایسے بچے بھی پڑھتے ہیں جو بڑے گھرانوں سے تعلق نہیں رکھتے اور نہ ہی انہیں باقی بچے اور اساتذہ اچھا سمجھتے ہیں۔
طبقاتی فرق کی اس کہانی میں کس طرح غریب بچوں کو اسکول سے نکالنے کی سازش تیار کی جاتی ہے، رانی مکھرجی ان بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے سہارا بنتی ہیں، فلم بینوں کو اس کہانی نے خاصا متاثر کیا ہے۔
فلمی پنڈت ترن آدرش کا کہنا ہے کہ اگرچہ فلم کم بجٹ پر بنائی گئی ہے لیکن فلم نے تین دن میں 15 کروڑ 40 لاکھ کا بزنس کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ فلم آنے والے دنوں میں مزید کمائی کرے گی۔
#Hichki finds appreciation from audience and applause from critics… Goes from strength to strength with each passing day… Will have to stay stronger over weekdays now… Fri 3.30 cr, Sat 5.35 cr, Sun 6.70 cr. Total: ₹ 15.35 cr [961 screens]. India biz.
— taran adarsh (@taran_adarsh) March 26, 2018
فلم ہچکی کے ہدایات کار سدھارتھ ملہوترا ہیں جبکہ اسے رانی مکھرجی کے شوہر آدتیہ چوپڑا اور منیش ملہوترا نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی تشہیر کے لیے رانی مکھرجی نے خاصی محنت کی، رانی نے فلم کی تشہیر میں اپنے اساتذہ کو بھی مدعو کیا تھا اور ان کی جانب سے اساتذہ کو گلدستے بھی پیش کئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ رانی مکھرجی کی فلم ہچکی کے ذریعے چار سال بعد بالی وڈ میں واپسی ہوئی ہے، اس سے قبل 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مردانی‘ میں رانی مکھرجی نے ایک پولیس آفیسر کا کردار ادا کیا گیا تھا۔