اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں درختوں وجنگلات کی تباہی کی ذمہ دارحکومتیں ہیں خیبرپختونخواکی طرح بلین ٹری سونامی ملک بھرمیں آنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ شہری علاقوں میں درختوں وجنگلات کی تباہی کی ذمہ دارحکومتیں ہیں، آنےوالی نسل آلودگی اورگلوبل وارمنگ سےمتاثرہوسکتی ہے اور اس سے بچاؤ کیلئے خیبرپختونخواکی طرح بلین ٹری سونامی ملک بھرمیں آنی چاہیے۔
All Pak govts are to be blamed for the destruction of our forests and tree cover in urban areas. Our future generations will suffer heavily through pollution and global warming unless we replicate KP’s #BillionTreeTsunami all over the country. pic.twitter.com/2IdPLbkLFk
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 9, 2018
یاد رہے گذشتہ سال بھی سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ بڑھتی آلودگی پاکستان کے لیےخطرے کی گھنٹی ہے، ماحولیاتی تبدیلی اورآلودگی کےخلاف پوری قوم کوکام کرنا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بلین ٹری اور ماحولیاتی بہتری کے لیے صوبے کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ خیبر پختونخواہ نے درخت لگا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال قائم کی ہے۔
مزید پڑھیں : بلین ٹری مہم 85 فیصد کامیاب رہی، عمران خان
خیال رہے کہ سنہ 2015 میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں ماحولیاتی آلودگی اور کلائمٹ چینج جیسے بین الاقوامی خطرات سے نمٹنے کے لیے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت صوبے بھر میں ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ تھا۔
واضح رہے کہ عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں شجر کاری کی وسیع ترین مہم بلین ٹری سونامی کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھاکہ منصوبے کے بعد خیبر پختونخواہ پاکستان کا واحد صوبہ بن گیا ہے، جہاں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے ذریعے 35 لاکھ ایکڑ جنگلات کو بحال کیا گیا ہے۔
اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلین ٹری سونامی کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور اب تک صوبے بھر میں 94 کروڑ درخت کامیابی سے لگائے جاچکے ہیں۔