ابوظہبی: آسٹریلیا کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے کا سہرا یوں تو پوری ٹیم کو جاتا ہے، مگر اصل ہیرو فاسٹ بولر محمد عباس تھے، جنھوں نے اس ٹیسٹ میچ میں کئی عالمی ریکارڈ پاش پاش کر دیے.
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دو ٹیسٹ میچ کی سیریز کے دوسرے ٹاکرے میں آسٹریلیا کو373رنز سے شکست دے کر کینگروز کے خلاف رنز کے اعتبارسے سب سے بڑی فتح اپنے نام کی، مگر اصل ہیرو محمد عباس تھے.
محمدعباس دس وکٹیں لینے پر مرد میدان قرار پائے، سترہ وکٹیں لے کر وہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی لے اڑے۔
فاسٹ بولر نے یو اے ای میں ایک میچ میں دس وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بالرکا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ ساتھ ہی بارہ سال بعد دس وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بالربھی بن گئے۔
I see a new number 1 Test bowler coming… Mohammad Abbas
— Dale Steyn (@DaleSteyn62) October 19, 2018
البتہ اس باصلاحیت بالر کے ریکارڈز یہیں ختم نہیں ہوتے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں گذشتہ سو برس میں اوسط کے لحاظ سے بہترین بولر ہیں. 59 وکٹیں لینے والے محمد عباس کی اوسط 15.6 ہے، یاد رہے کہ جن تین بولرز کی اوسط ان سے بہتر ہے، ان کا تعلق انیسویں صدی سے تھا۔
شاندار کارکردگی اپنی بیٹی کے نام کرنے والے محمد عباس پر داد کے ڈونگرے برس رہے ہیں۔ ٹویٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔
مزید پڑھیں: ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی
جنوبی افریقہ کے ممتاز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ محمد عباس کی صورت مستقبل کا نمبر ون بولر دیکھ رہا ہوں۔
آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کا حصہ، فاسٹ بولر رینی فیریل کا کہنا ہے کہ جب میں بڑی ہوئی، تب محمد عباس کے مانند بولنگ کرنے کی کی خواہش رکھتی تھی۔
When I grow up I want to bowl like Mohammad Abbas 🏏 #PAKvAUS
— Rene Farrell (@Fezzy88Rene) October 19, 2018
سابق انگلش کرکٹر میچل ویگھن نے ٹویٹ کیا کہ میں محمد عباس کی شان دار بولنگ دیکھ رہا ہوں اور اب تک وہ مجھ دس بار آؤٹ کر چکے ہیں۔
ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی محمد عباس کی صلاحیتوں کو سراہا۔