ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کردی۔
دبنگ خان جہاں اپنی منفرد اداکاری کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں وہیں لوگوں کی مدد کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے، کینسر میں مبتلا بچے کی آخری خواہش تھی کہ وہ سلمان خان سے ملنا چاہتا ہے جب دبنگ خان تک یہ بات پہنچی تو وہ ٹاٹا میموریل اسپتال جاپہنچے اور ناصرف کینسر میں مبتلا اس بچے سے ملے بلکہ وارڈ کے تمام بچوں سے ملے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینسر میں مبتلا اپنے پسندیدہ اسٹار سے مل کر کتنا خوش ہے۔
واضح رہے کہ پانچ ماہ قبل سلمان خان نے خصوصی بچوں کے اسکول کے فنکشن میں شرکت کی تھی اور اسکول کے لیے ایک کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ دبنگ خان نے فلم ’کک‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جس میں وہ موذی مرض میں مبتلا بچی کی مدد کے لیے پیسے اکٹھے کرتے نظر آئے تھے، فلم میں دبنگ خان کے والد کا کردار معروف اداکار متھن چکرورتی نے ادا کیا تھا۔
سلمان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم بھارت کی شوٹنگ میں مصروف عمل ہیں جس کی ہدایت کاری علی عباس ظفر انجام دے رہے ہیں دیگر اداکاروں میں کترینا کیف، دیشا پٹانی، سنیل گروور اور نورا فتیحی شامل ہیں۔