دورۂ یو اے ای، وزیر اعظم عمران خان کی اہم ملاقاتیں، مختلف امور اور صورتحال پر تبادلہ خیال

دبئی : وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد ولی عہد سے ملاقات کی اور مختلف امور سمیت ملکی معاشی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان ایک روزہ دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں انہوں نے ولی عہد شیخ محمد زیب بن سلطان النہیان  اور حاکم دبئی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ولی عہد شیخ زید بن سلطان سے صدارتی محل میں ملاقات

وزیراعظم عمران خان کی ولی عہدشیخ محمدبن زیدبن سلطان النہیان سےملاقات صدارتی محل میں ہوئی، جس میں باہمی امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دو طرفہ تجارت سمیت معیشت کی بہتری کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔

شیخ زید مسجد کا دورہ اور نماز ادائیگی

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نےشاہی محل میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کیے، بعد ازاں وزیر اعظم نے شیخ زید کی مسجد کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال مسجد کے ڈائریکٹر جنرل یوسف البیدی نے کیا جہاں وزیراعظم عمران خان نے  نماز بھی ادا کی۔

 راشد بن محمد المکتوم سے ملاقات

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زبیل محل کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال شیخ راشد بن محمد المکتوم نے کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے شیخ زید سلطان کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کی بنیاد زید سلطان نے ہی رکھی، اُن کا شمار پاکستان کے مخلص دوستوں میں سے تھا، پاکستانی عوام کےدل میں شیخ زیدبن سلطان کی بےپناہ عزت ہے‘۔

عمران خان نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے میں یو اے ای کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات نے سیاحت، بہترین طرزِ حکمرانی کے لیے ٹیکنالوجی کا زبردست استعمال کیا‘۔

گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

ولی عہد شیخ محمد زید بن سلطان النہیان نے شاہی محل پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، یو اے ای مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈربھی استقبال کے لیے موجود تھے، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا.

اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ، وزیرخزانہ ، وزیر پٹرولیم، وزیر پاور ڈویژن اور مشیر تجارت بھی شامل تھے جبکہ متحدہ عرب امارات میں پہلے سے موجود وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وفد میں شامل ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہِ متحدہ عرب امارات میں  مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ، دو طرفہ تعاون پر مذاکرات کیے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت ولی شیخ محمد زید بن سلطان النہیان کی جانب سے دی گئی تھی۔

وزیرخارجہ کی یواے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یواے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی تھی، جس میں باہمی دلچپسی اور تعاون کے اموراورخطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔