پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے قبائلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مقامات کو ازسر نوبحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں موجود تاریخی مقامات کو ازسر نوبحال کیا جائے گا تاکہ سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جاسکے۔
خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان نے قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کیا اور وہاں پر سیاحت، کھیل، ثقافت، امور نوجوانان اور آثار قدیمہ کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ سینئر وزیر نے جمرود میں واقع دوہزارسال پرانے بدھ مت کے شپولہ سٹوپہ کا دورہ بھی کیا۔
کے پی کے میں بدھا کے مجسمے کی دریافت سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا، عمران خان
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے سے مقامی سطح پر لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
خیال رہے کہ نومبر 2017 میں خیبر پختونخواہ میں بدھ مت کے بانی ’بدھا‘ کا 1700 سال پرانا مجسمہ دریافت ہوا تھا۔
اُس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بدھا کے طویل القامت مجسمے کے علاوہ بدھا اوربدھ مت سے جڑی دیگر 500 اشیاء بھی دریافت ہوئی ہیں جو کہ بہت اہم دریافت ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان اشیا کوجلد سیاحوں کے لیے پیش کیا جائے گا جس سے خیبرپختونخواہ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور دوسرے ممالک سے بھی لوگ یہاں آئیں گے۔