کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہمیں لگتا ہے کہ کوئی بھی کراچی سے مخلص نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کو بتایا ہے کہ کراچی تباہ ہورہا ہے، عمران خان کو پرپوزل بنا کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے بھنگوریہ گوٹھ میں پانی کی لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ بھنگوریہ گوٹھ کو پانی فراہم کیا جارہا ہے، صوبائی حکومت نے بھنگوریہ گوٹھ کو پانی سے محروم رکھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی والوں کے پیسے سے پورے ملک میں حکمران مزے کررہے ہیں، شہر قائد میں اسپتالوں، ٹرانسپورٹ، تعلیم کا نظام تباہ ہوچکا ہے، کراچی والے بس کی چھت پر سفر کرتے ہیں، سیوریج کا پانی پیتے ہیں، کراچی والوں کے ساتھ زیادتی بند ہونی چاہئے۔
وسیم اختر نے کہا کہ سندھ حکومت نے کچرا اُٹھانے کی ذمہ داری ہم سے چھین لی ہے، سندھ حکومت بتائے ڈیولپمنٹ بجٹ کہاں لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی اور سیوریج ہماری ذمہ داری نہیں ہے پھر بھی عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں تجاوزات بنانے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، وسیم اختر
واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے بننے میں تمام سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، یہ کب تک ہوتا رہے گا، ہمیں اپنا شہر ٹھیک کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رفاہی پلاٹوں پر اگر کسی نے کچھ بنایا ہوا ہے تو وہ اسے ہٹا دے صرف کے ایم سی کے کرائے داروں کو متبادل جگہ دیں گے، تجاوزات بنانے والوں کو کوئی متبادل نہیں دیا جائے گا۔