ممبئی: بالی ووڈ خانز شاہ رخ اور سلمان کو کافی عرصے قبل مداحوں نے ایک ساتھ اداکاری کرتے دیکھا تاہم اب انہوں نے ایک ساتھ گلوکاری کر کے بھی سب کو حیران کردیا۔
بالی ووڈ کے دبنگ خان نے 27 دسمبر کو اپنی 53 ویں سالگرہ منائی اور مہارشٹرا کے ایک پرسکون مقام پنویل فارم ہاؤس پر تقریب بھی منعقد کی جس میں اہل خانہ، بالی ووڈ اداکار کنگ خان سمیت دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔
اپنی سالگرہ کے روز سلمان خان نے تقریب میں شرکت کے لیے کنگ خان کو خصوصی دعوت دی جنہوں نے اپنا بڑا بھائی اور دوست ہونے کا حق بھرپور طریقے سے ادا کیا۔
دبنگ خان نے تقریب میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا جس میں اداکار سمیت سب نے ہی خوب ہلہ گلہ کیا۔ محفل کو چار چاند اُس وقت لگے جب شاہ رخ خان نے مائیک تھاما اور امیتابھ بچن کی فلم کا گانا گانا شروع کیا۔
شاہ رخ خان کو دیکھتے ہوئے دبنگ خان نے بھی اُن کے ساتھ ‘پیار ہمیں کس موڑ پہ لے آیا‘ گانا گایا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
قبل ازیں کنگ خان نے ممبئی میں سلمان خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تم جیو ہزاروں سال گانا گایا۔ اس موقع پر جب صحافیوں نے شاہ رخ سے پوچھا کہ وہ سلمان کو کیا تحفہ دیں گے؟ تو انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ سب کچھ آپ کو بتادوں۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے بیوی ہو تو ایسی کے ذریعے بالی وڈ انڈسٹری میں قدم رکھا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ان کی مشہور فلموں میں ‘میں نے پیار کیا’، ‘ساجن’، ‘ہم آپ کے ہیں کون’، ‘کرن ارجن’، ‘جڑواں’، ‘تیرے نام’، ‘بجرنگی بھائی جان’، ‘دبنگ’، ‘باڈی گارڈ’ اور دیگر شامل ہیں۔