وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

Imran Khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 20 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں 172 افراد کے نام شامل کرنے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا، کابینہ ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں پرنظرثانی کرے گی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کا تبادلے کا معاملہ اور یونین کونسل چیئرمینوں کی رجسٹریشن بھی زیرغور آئے گی۔

اجلاس میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے رابطہ کونسل کے قیام کی منظوری دی جائے گی، وفاقی کابینہ نرسنگ کونسل کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دبئی ایکسپوکے لیے وفاقی کابینہ 50لاکھ ڈالرگرانٹ کی منظوری دے گی، کابینہ قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی ازسر نوتشکیل کی بھی منظوری دے گی۔

غیرمعیاری اسٹنٹس کا معاملہ، بی آرٹی میں فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے لیے 130ملین یورو کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کے لیے اختیاراتی کمیٹی کا معاملہ اور پاکستان، جاپان میں دفاعی تعاون بڑھانے پربھی غور کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کا کابینہ کونام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق نظرثانی کاحکم

یاد رہے کہ دو روز قبل چیف جسٹس ثاقب نثار نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فہرست پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ہفتے کے آخرتک جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔