کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں وین میں سوار 14 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نجی اسکول کی وین میں آگ لگ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے ناظم آباد کے نجی اسکول میں پڑھتے ہیں، آگ لگنے سے پہلے گاڑی اچانک ریت میں پھنس کر رک گئی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی رکنے کے بعد ڈرائیور اور کچھ بچوں نے نیچے اتر کر گاڑی کو دھکا لگایا، اسی دوران ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ سے چنگاریاں نکلیں اور آگ بھڑک اٹھی۔
افسوسناک واقعے میں وین میں موجود تمام 14 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، وین میں سلنڈر ٹھیک حالت میں موجود ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پالیا ہے۔
دوسری جانب سول اسپتال کے انچارج برنس وارڈ ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ جھلسنے والے 5 بچے سول اسپتال کے برنس وارڈ لائے گئے، 3 بچوں کو فوری طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
انچارج کے مطابق برنس وارڈ میں موجود دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وزیر تعلیم کا نوٹس
وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے اسکول وین میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز کو فوری طور پر زخمی بچوں کی عیادت کی ہدایت کردی۔
وزیر تعلیم نے سیکریٹری اسکولز سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول وین میں آگ لگنے کی انکوائری کروائی جائے۔