ایبٹ آباد : کمرے میں گیس بھرنے سے پانچ افراد ہلاک

گیس بھرنے سے 5افراد ہلاک

ایبٹ آباد : قلندر آباد کے قریب کمرے میں گیس بھر جانے سے پانچ افراد جاں بحق، لقمہ اجل بننے والوں میں میاں بیوی اورتین بچے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے قلندر آباد میں اتوار کے روز افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گھر میں گیس بھرجانے کے باعث پورا خاندان موت کے منہ میں چلا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی اپنے تین بچوں سمیت رات کو پیٹر چلاکر سوئے تھے لیکن گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہیٹر بند ہوگیا، لیکن اس وقت تک اہل خانہ گہری نیند سو چکے تھے اور جب گیس آئی تو ہیٹر چلنے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی۔

ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح گھر والوں کے نہ جاگنے پر اہل محلہ نے گھر میں دیکھا تومعلوم ہوا کہ کمرے میں موجود پانچوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں : کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 4 کان کن جاں بحق

یاد رہے کہ 2 جنوری کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے زور دار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں چار مزدور جان کی بازی ہار گئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان دھماکے کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔