پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

کراچی : پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، حاضرین نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی۔

اے آر وائی نیوز کی نمائندہ عمبرین الطاف کے مطابق پاکستان ریلوے کے وسیع گراؤنڈ میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے ہندو برادری کے79 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا دلہن اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی۔

اس موقع پر ہندو برادری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بہت خوش ہیں ہمیں یہاں ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہےاور ہمیں ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیں شروع سے آج تک سپورٹ کررہی ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے کا کہنا تھا کہ کئی سال سے جاری اجتماعی شادیوں کے سلسلے کا مقصد غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں جہاں دولہا دلہن زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر خوشی سے نہال دیکھائی دیئے وہیں ان دولہا دلہن کے غریب والدین نے بھی پاکستان ہندو کونسل کے اس اقدام کو خوب سراہا، اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔