کراچی : ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، خلاف ورزی کرنیوالےپمپ مالکان کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاویدمہر نے کمشنرکراچی کوخط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، پمپس انتظامیہ نوٹیفکیشن لگانے کی پابند ہوگی۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنیوالے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائےگی، پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کمشنر کراچی جاری کریں ۔
اوگرا نے بھی ہدایت کردی کہ ہرصورت پابندی کویقینی بنایا جائے۔
خیال رہے گذشتہ سال نومبر میں راولپنڈی اور لاہور میں پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر ہیلمٹ کسی موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دےدی
یاد رہے کہ ان دنوں پولیس موٹر سائیکل سواروں سے ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، پولیس کے اے آئی جی ڈاکٹرامیرشیخ نے کہا چند روز قبل کہا تھا کہ شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کا وقت اور لائسنس بنوانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیتےہیں۔
واضح رہے موٹر سائیکل سواروں سے قواعد کی پابندی کرانے کا سلسلہ لاہور سے شروع ہوا تھا جہاں سب سے پہلے مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ آنے والوں کے چالان کرنا شروع کیے گئے اور دودن میں لگ بھگ 4 ہزار افراد کے چالان کردیے گئے جبکہ مجموعی طور پر پورے شہر میں 22 ہزار سے زائد چالان کیے گئے تھے۔