دو ماہ بعد پیپلزپارٹی کی حالت بھی نون لیگ والوں جیسی ہو گی، فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر پیپلزپارٹی والے بھنگڑے ڈال رہے ہیں، دو ماہ بعد ان کی حالت بھی نون لیگ والوں جیسی ہوگی، شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی کڑوی گولی عمران خان نے مشکل سے نگلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا جعلی اکاؤنٹس پر فیصلہ آیا ہے تو اس پر پیپلزپارٹی والے بھنگڑے ڈال رہے ہیں، میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو کر کے عمران خان حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے، جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی یہ حکومت کے ماتحت تھی نہ ہوگی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا حکومت نے نہیں دیا سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ نیب دو ماہ میں کام مکمل کرے، خواجہ آصف اور چودھری طلال سمیت نون لیگ والے جے آئی ٹی پر لڈیاں ڈالتے رہے تھے، دو ماہ بعد شہلا رضا کی حالت بھی مریم اورنگزیب جیسی ہو جائے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خوشیاں ایسی ہیں، جیسے زرداری اور انور مجید کو کلین چٹ مل گئی ہو اور انہیں سادھو قراردیدیا گیا ہو، آصف زرداری اور انور مجید کی طرف کوئی نہیں آرہا، واقعی بلاول بچہ ہے، اصل فنکار زرداری، انور مجید و فریال ہیں۔

[bs-quote quote=”شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی کڑوی گولی عمران خان نے مشکل سے نگلی ہے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد تو منظور وسان کو بھی خواب نظر نہیں آ رہا،  انہوں نے کہا کہ بلاول معصوم ہے، زرداری اور فریال تالپور نے کرپشن کی ہے، خورشید شاہ اور زرداری نے گھڑے کی مچھلی کی طرح نیب چئیرمین لگایا، ہمارا کیا تعلق ہے نیب سے، نیب تو آزاداور خود مختار ادارہ ہے، ہم نے تو کوئی نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کروائے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا بسنت پر عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ قبول کریں گے، سندھ میں گورنر راج کی کوئی بات نہیں ہوئی، افتخار درانی یا فواد چودھری نے کہیں نہیں کہا کہ گورنر راج لگے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کہ پیپلزپارٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کرے، عدالت نے آصف زرداری، انور مجید، فریال تالپور کو بری نہیں کیا، عدالت نے نیب کو کیس بھیجا ہے، وزیر آل پاکستان لٹ مار ایسوسی ایشن جتنا مرضی اکٹھا ہو جائیں، اب ان کو اپنی جیب سے کھانا پڑے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی کڑوی گولی عمران خان نے مشکل سے نگلی ہے، چئیرمین پی اے سی کے معاملے  پر پنجاب اسمبلی میں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق میں حکومت کے2ترجمان ہیں، فواد چوہدری اور افتخاردرانی، میں صوبائی حکومت کا اور شہبازگل وزیراعلیٰ کے ترجمان ہیں، جے آئی ٹی نے وزارت داخلہ کو 172ناموں کی تجاویز بھیجیں، سپریم کورٹ نے رولنگ میں جے آئی ٹی کا حوالہ دیا ہے، حکومت سےمتعلق کوئی رولنگ نہیں دی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا سپریم کورٹ اورچیف جسٹس قوم کےوالدکی حیثیت رکھتے ہیں، والد اولاد کو برا بھلا کہتے ہے لیکن اس کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔