یوٹیوب نے خطرناک ویڈیوز پر پابندی لگا دی

یوٹیوب نے خطرناک ویڈیوز پر پابندی لگادی

واشنگٹن : یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے خطرناک، تکلیف دہ اور جذباتی مواد پر مبنی ویڈیوز پر پابندی عائد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آن لائن ویڈیوز کے سب سے بڑے پورٹل یوٹیوب کی انتظامیہ نے پرینک کے نام پر اسے ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر پابندی لگادی ہے جو کسی بھی طرح صارفین کے جذبات کو مجروح کرتی ہو۔

یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز پر پابندی ہوگی جو کسی ایسے مذاق کی ترغیب دیتی ہو جو کسی کےلیے نقصان دہ ثابت ہو۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے پابندی ان نام نہاد یوٹیوب چینلز کے باعث لگائی گئی ہے جس کی ویڈیوز میں ایسے افراد کو دکھایا جاتا ہے جو خود کو نقصان پہنچاتے ہیں یا ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

یوٹیوب انتطامیہ کا کہنا ہے کہ خطرناک اور تکلیف دہ مواد کی یوٹیوب پر کوئی جگہ نہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود یوٹیوب پر ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن کا مواد انتہائی خطرناک ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل یوٹیوب پر برڈ باکس چیلنج کی ایک ویڈیو گردش کررہی تھی جس میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر گاڑی چلانی ہوتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 12 جنوری کو برطانیہ میں ایک کار حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کا کم عمر ڈرائیور برڈ باکس چیلنج پورا کرنے کی کوشش کررہا تھا تاہم ڈرائیور خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا لیکن گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو صارف یوٹیوب پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے خطرناک ویڈیوز اپلوڈ کرے گا اس کا اکاؤنٹ تین ماہ کےلیے بند کردیا جائے گا۔