پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی انتقال کرگئے

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مظہر عباس راں انتقال کر گئے ، اُن کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوس کا اظہار کیا۔

اطلاعات کے مطابق 2018 کو عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ملتان کی نشست پی پی 218 سے الیکشن لڑ کر پنجاب اسمبلی کے رکن بننے والے مظہر عباس راں کی طبیعت گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کے دوران خراب ہوئی۔

اجلاس کے دوران رکن اسمبلی کا اچانک بلڈپریشر بڑھ گیا تھا جس کے بعد انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹر نے مظہر عباس راں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا مگر رات اُن کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے، مرحوم کی تدفین  قادر پور ملتان کے قبرستان میں کرنے کا اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مظہر عباس راں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور سوگواران سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف ملتان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اعلیٰ مقام ، لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ اراکین اسمبلی نے اُن کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

سفر زندگی

یکم فروری 1953 کو پیدا ہونے والے مظہر عباس راں نے ملتان کے کالج سے 1978 میں گریجویشن کی تعلیم مکمل کی اور سیاست کی دنیا میں قدم رکھا۔

مظہر عباس نے سیاست کا آغاز 1988 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا، انہوں نے پی پی 166 کی نشست پر شاہ محمود قریشی کے خلاف الیکشن لڑا مگر اُس میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے، بعد ازاں 1990 اور 1997 میں بھی انہیں شاہ محمود قریشی نے شکست دی۔

مرحوم نے بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور 2002 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی، البتہ 2008 کے الیکشن میں آپ کو پی پی کے امیدوار ملک ارشد کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی،

مرحوم ملتان کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے تھے، آپ نے حالیہ انتخابات سے قبل عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آپ کو پی پی 218 سے ٹکٹ جاری کیا اور  آپ دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔