امریکی صدرکےنمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد پاکستان پہنچ گئے

Zalmay Khalilzad

اسلام آباد : امریکی صدرکے نمائندہ خصوصی افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے، دورے کے دوران وہ اعلیٰ سول وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے ، ان کے ہمراہ امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلزبھی آئی ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد باقاعدہ طور پروفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات کریں گے، ان کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پرمشاورت ہے۔

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان 19 جنوری تک ہوگا۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد مزید تاخیر کا شکار

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان وافغانستان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاتیں کیں تھیں، جس میں افغانستان میں امن عمل پر بات چیت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے پہلے مرحلے میں 7 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے اور امریکی فوجی انخلا سے قبل طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔