انٹرا افغان ڈائیلاگ افغان مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہیں: دفتر خارجہ

طاہر داوڑ کی میت حوالگی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کی مذاکرات میں مدد کی، انٹرا افغان ڈائیلاگ مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی اشتعال انگیزیاں لائن آف کنٹرول پر بھی جاری ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب فائرنگ سے شہری کی شہادت بھی ہوئی، بھارتی افواج نہتے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کی مذاکرات میں مدد کی، انٹرا افغان ڈائیلاگ مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہیں۔ دفتر خارجہ اور دیگر حکام سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی آج ملاقات ہوگی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہے۔

اس سے قبل ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کا کہتا ہے، بھارت مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔

بھارتی ڈرونز کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں، بھارت کے دونوں ڈرونز مار گرائے ہیں۔ سرجیکل اسٹرائیک ڈرامہ ہے، بھارتی میڈیا بھی نفی کر چکا ہے۔