لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا آفیشل گانا ریلیز سے پہلے ہی لیک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے سیزن 4 کا آفیشل گانا آج رات 8:55 پر ریلیز ہونا تھا مگر اُس سے پہلے ہی یہ لیک ہوگیا، چوتھے ایڈیشن کے آفیشل نغمہ نامور اداکار فواد خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا اور وہی ویڈیو میں پرفارم بھی کرتے نظر آئیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے تین سیزن میں نامور گلوکار علی ظفر نے آفیشل نغمے گائے تھے جسے شائقین کرکٹ اور میوزک سے دلچپسی رکھنے والے مداحوں نے بہت زیادہ پسند کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق چوتھے ایڈیشن کے گانے کو ’یہ کھیل دیوانوں‘ کا نام دیا گیا جبکہ اس کو شجاع حیدر نے تحریر کیا۔
یاد رہے کہ فواد خان اداکاری سے قبل مشہورِ زمانہ پاپ میوزیکل بینڈ ’ای پی‘ میں اپنی آواز کا جادو جگاتے تھے۔
پی ایس ایل کا پہلا سیزن
پی ایس ایل 2016 کے پہلے ایڈیشن کا نغمہ گلوکار علی ظفر نے لکھا اور گایا جس نے کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔
دوسرا ایڈیشن
پی ایس ایل 2017 کے ایڈیشن میں بھی علی ظفر کی آواز میں نغمہ ریلیز کیا گیا جس کے بول تھے سیٹی بجے گی، کھیل سجے گا، تالی بجے گی اب کھیل جمے گا۔
تیسرا ایڈیشن
پی ایس ایل سیزن تھری کے لیے علی ظفر نے ہی نغمہ گایا جس کے بول تھے ’لو پھر آگئے جلوہ دکھانے، پھر ملے چلو ہم اس بہانے، یہ کھیل پھر جمے گا اور اسٹیج پھر سے سجے گا‘۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول سامنے آگیا جس کے مطابق لیگ کا آغاز 14 فروری سے جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فور، شائقین کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی بھرپور ایکشن کے منتظر
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس، ایونٹ کو بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق
پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔