کراچی: ضلعی انتظامیہ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کا ایک اور کیس سامنے آگیا، لیاقت آباد کی گلیاں گندگی کا ڈھیر بن گئیں.
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ محمد رافع حسین کے مطابق لیاقت آباد کا سی ون ایریا میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے. سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہے.
مسجد اور قبرستان جانے والے راستوں پر پر کئی ہفتوں سے سیوریج کا پانی موجود ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.
انتظامیہ کی نااہلی کے باعث عوام جنازے لے کر سیوریج کے پانی سے بھری سڑکوں سے گزرنے پر مجبور ہیں، سیوریج کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے، تعفن اور گندگی کے باعث عوام کا جینا مشکل ہوگیا.
مزید پڑھیں: چاہتے ہیں کراچی میں پانی، سیوریج کے جاری منصوبے جلد مکمل ہوں‘ سعیدغنی
اہل محلے کے مطابق دو ہفتے گزر گئے، گھروں سے نکلنا اور مسجد جانا دشوار ہوگیا، شکایات کے باوجود انتظامیہ اور واٹر بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے.
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ کوئی دیہی علاقہ یا قصبہ نہیں، بلکہ شہر کراچی کا ایک مرکزی علاقے ہے، جس کے مکین اپنے جنازے سیوریج کے پانی سے بھرے سڑکوں سے لے جانے پر مجبور ہیں.