ساہیوال واقعے پر پورے ملک کے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، راجہ پرویزاشرف

راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے پر پورے ملک کے عوام   میں شدید غم و غصہ ہے، جس معاملے کو سرد خانے میں ڈالنا ہو تو اس کی جے آئی ٹی بنادی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جس ادارے نے لوگوں کو دہشت گردی سے بچانا ہے اسی نے بےگناہوں کو قتل کیا، معصوم بچوں کے سامنے ان کے والدین کو مار دیا گیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت کے وزرا کا واقعے کے بعد بیان حد درجہ قابل اعتراض ہے، ساہیوال واقعے پر ادارے کی طرف سے بہانے بازی کی کوشش کی گئی، اس واقعے کے بعد ہر آدمی اپنے آپ کو ریاست میں غیرمحفوظ سمجھ رہا ہے۔

 سانحے پر پوری دنیا کے لوگوں میں غم و غصہ ہے، واقعہ موجودہ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ کیا جن کے ماں باپ کو بے دردی سے قتل کردیا جائے کیا ان بچوں کو پھول دیئےجاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کس ریاست کا نقشہ ہے جو ہمارے سامنے رکھا جارہا ہے، یہ کیسی ریاست ہے جہاں محافظ معصوم لوگوں کو قتل کررہے ہیں، یاد رکھیں کہ جب ظلم حد سےبڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

واقعے کی تحقیقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی مذاق بن کر رہ گئی ہے، جس معاملے کو سرد خانے میں میں ڈالنا ہوتاہے تو جےآئی ٹی بنادی جاتی ہے، وزیراعظم کو اخلاقی طورپر اس واقعے پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔